وائٹ ہاؤس نے ٹویٹر پر بھارتی وزیر اعظم مودی کو 'اَن فالو' کردیا ہے۔
وائٹ ہاؤس نے بدھ کے روز ٹویٹر پر ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی اور متعدد دیگر ہائی پروفائل ہندوستانی اکاؤنٹس کو'اَن فالو' کر دیا ہے۔ اس کی وجہ کیا ہے اس کی وضاحت نہیں کی گئی۔
بھارتی میڈیا نے بدھ کے روز یہ اطلاع دی ہے کہ وائٹ ہاؤس ، جس کے ٹویٹر پر 22 ملین فالوورز ہیں ، 11 اپریل تک بھارتی وزیر اعظم کے فالورزمیں شامل تھا۔
آؤٹ لک انڈیا ڈاٹ کام کی خبر میں بتایا گیا ہے کہ ریاستہائے متحدہ امریکہ کے صدر کی رہائش گاہ اور کام کی جگہ ، وائٹ ہاؤس کا آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کو'فالو' نہیں کررہا۔
مودی واحد عالمی رہنما تھے جن کووہائٹ ہاؤس ٹویٹر پر فالو کرتا تھا۔ ہندوستان کے دوسرے ٹویٹر اکاؤنٹ جن کواَن فالو کیا گیا ان میں ہندوستانی صدر ، ہندوستانی وزیر اعظم کا دفتر ، اور واشنگٹن ڈی سی میں ہندوستانی سفارتخانہ شامل ہیں۔
اس اقدام سے کانگریس کے رہنما راہول گاندھی 'مایوس' ہوگئے اورانھوں نے وزارت خارجہ سے واقعے کا نوٹس لینے کی اپیل کی۔
گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ "وائٹ ہاؤس کی طرف سے ہمارے صدر اور وزیر اعظم کی "اَن فالو" سے مجھے مایوسی ہوئی ہے۔ میں وزارت خارجہ سے نوٹس لینے کی درخواست کرتا ہوں"۔
یہ پیشرفت اس سے ایک دن بعد ہوئی جب ایک امریکی کمیشن نے ہندوستان کو مذہبی آزادی کی خلاف ورزی کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل کرنے کی سفارش کی۔
بین الاقوامی مذہبی آزادی پر امریکی کمیشن نے سفارش کی کہ مودی حکومت کی پالیسیوں اور مسلم آبادی کے ساتھ امتیازی سلوک کی وجہ سے ہندوستان کو ایک بار پھر ایک خاص ایجنڈے پرکام کرنے والا ملک سمجھا جائے۔
یو ایس سی آئی آر ایف کے نائب صدر نے کمیشن کی سالانہ رپورٹ کے اجراء کے بعد کہا تھا کہ مذہبی آزادی کے حوالے سے تیز ترین اور انتہائی خطرناک صورتحال ہندوستان میں ہے۔
اس رپورٹ میں یہ بھی سفارش کی گئی ہے کہ محکمہ خارجہ 13 دیگر ممالک کو بھی "خاص ایجنڈے والے ممالک" کی فہرست میں شامل کرے کیونکہ ان کی حکومتیں "مذہبی آزادی کی منظم اور انتہائی خلاف ورزیوں" میں ملوث ہیں یا پشت پناہی کرتی ہیں۔
ان میں گذشتہ سال دسمبر میں محکمہ خارجہ کی طرف سے نامزد کردہ نوممالک برما ، چین ، اریٹیریا ، ایران ، شمالی کوریا ، پاکستان ، سعودی عرب ، تاجکستان اور ترکمانستان شامل ہیں۔ دیگر پانچ میں ہندوستان ، نائیجیریا ، روس ، شام ، اور ویتنام شامل ہیں۔
اس ماہ کے شروع میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہائڈروکسی کلوروکوئین کی برآمد پر پابندی عائد کرنے کے نئی دہلی کے فیصلے کے بعد ہندوستان کو "انتقامی کارروائی" سے خبردار کیا تھا ، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے وابستہ بیماریوں سے لڑنے میں بہت اہم ہے۔
اس کے فورا بعد ہی ، ہندوستانی حکومت نے اس پابندی کو جزوی طور پر کم کرنے اوردوائی کو امریکہ برآمد کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا۔ اس کے بعد امریکی صدر نے ایک ٹویٹ کے ذریعے بھارتی وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔


No comments :